نیو یارک(سنگر نیوز)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس افغان مہاجرین کے پاکستان میں 40 برس مکمل ہونے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے 16فروری سے 19 فروری تک پاکستان کا 4 روزہ دورہ کریں گے۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق‘سیکریٹری جنرل پاکستان میں افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 برس مکمل ہونے پر یک جہتی کے لیے ایک نئی شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے اور کلیدی خطاب کریں گے’۔
بیان کے مطابق انتونیو گوتریس دورے میں‘صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کریں گے’۔
انہوں نے کہا کہ‘اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی دیگر مصروفیات میں اراکین پارلیمنٹ، میڈیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں اور وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور امن کے موضوعات پر خصوصی گفتگو کریں گے’۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ‘سیکریٹری جنرل لاہور جائیں گے اور گوردوارہ کرتارپور صاحب تک سفر بھی کریں گے’۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ‘دورے کے موقع پر ہماری قیادت اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو مسئلہ جموں و کشمیر کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کرے گی’۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس کا یہ دورہ عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف ہے اور خاص کر اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ‘اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پاکستان کی جانب سے گزشتہ 4 دہائیوں میں افغان مہاجرین کی میزبانی، مثالی تعاون، ہمدردی اور افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں کا بھی اعتراف ہے’۔
اقوام متحدہ سے تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ‘پاکستان، اقوام متحدہ کا پرجوش حامی ہے اور اس نے دنیا میں پائیدار ترقی، امن و استحکام کے مقاصد کے لیے نمایاں تعاون کیا ہے’۔
قبل ازیں ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان میں افغان مہاجرین کے 40 برس مکمل کے حوالے سے 17 فروری اور 18 فروری کو ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے اور اس میں 20 ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
نیویارک میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ اقوامِ متحدہ کا کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اس کانفرنس کا شریک میزبان ہے اس لیے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر اہم اعہدیدار بھی شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں اقوامِ متحدہ کے علاوہ کثیر الجہتی ترقیاتی بینکس، مہاجرین کے بین الاقوامی ادارے اور بڑی غیر سرکاری تنطیمیں بھی اپنے نمائندوں کو اس میں شرکت کے لیے بھیجیں گی۔
واشنگٹن میں سفارتی مبصرین کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل ایک ایسے وقت میں اسلام آباد پہنچیں گے کہ جب مقبوضہ کشمیر کو بڑے انسانی اور سیکیورٹی بحران کا سامنا ہے۔