ڈیرہ بگٹی : فوجی جارحیت ہنوز جاری، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے مزید کئی افراد زخمی

0
34

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کے نام پر پاکستانی فوج کی جارحیت چوتھے روز بھی جاری ہے۔

علاقے میں موجود ذرائع بتاتےہیں کہ 6 جنگی ہیلی کاپٹر مسلسل لنجو اور سغاری کی عام آبادیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس میں ایک بچے سمیت مزید دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

واضع رہے کہ گذشتہ روز شیلنگ سے کئی مال مویشیاں ہلاک ہوئیں جبکہ خواتین و بچے زخمی ہوگئےتھے۔

کہا جارہا ہے کہ سندھ کے قریبی ضلع کشمور سے مزید بیس گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ ڈیرہ بگٹی کی حدود میں لنجو سغاری کے علاقے میں داخل ہوا ہے۔ اس قافلے میں چار ٹینک بھی شامل ہیں جن میں سے ایک ٹینک راستے میں خراب ہو گیا جسے کچی کینال کے قریب چھوڑ دیا گیا، جبکہ باقی قافلہ لنجو پہنچ گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ بگٹی میں پچھلے چار دنوں سے مسلسل فوجی کارروائی جاری ہے جس میں لنجو، سغاری، رئیس توخ اور کچی کینال کا پورا علاقہ شامل ہے۔ بڑے پیمانے پر زمینی فوجی دستوں سمیت فضائی کمک کے لیے چھ ہیلی کاپٹر مسلسل مذکورہ علاقوں پر شیلنگ کر رہے ہیں اور فوجی چوکیوں سے عام آبادیوں پر مارٹر گولے فائر کیے جا رہے ہیں۔

ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ اور مارٹر حملوں میں اب تک ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here