پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل کے اپنے دورے میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ اس دورے میں پاکستانی فوج کے انٹیلی جینس ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
افغان صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں نے افغان امن عمل پر مشاورت کی اور دونوں نے اپنی اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال سے روکنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے مفاہمت کے سربراہ اور افغان حکومت کے شریک اقتدار ڈاکٹر عبدللہ عبدللہ نے بھی پاکستانی فوج کے سربراہ سے ملاقات کی۔
یہ دورہ اتوار کو امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کے پاکستان کے دورے میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے بعد ہوا ہے، جس میں اسلام آباد کے امریکی سفارتخانے کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، بین الافغان بات چیت کے لئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیاسی تجزیہ کار اس دورے کو افغان امن عمل میں پیش رفت کے لئے اہم قرار دے رہے ہیں۔