نیپال میں بس دریا میں گرجانے سے27 سیاح ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

نیپال میں ایک بس جس میں  بھارتی سیاح سوار تھے ایک ہائی وے سے پھسل کر دریا میں گر گئی جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔

یہ بس سیاحتی شہر پوکھرا سے دارالحکومت کھٹمنڈو جا رہی تھی جب وسطی ڈسٹرکٹ تناہون میں دوپہر کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔

تناہون کے ڈسٹرکٹ اہلکار جناردن گوتم نے اے ایف پی کو بتایا، کہ بس میں سوار "43 میں سے 27 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔”

امدادی کارکنوں نے متلاطم دریائے مرسیانگڈی سے مسافروں کو پانی سے نکالنے کے لیے بھر پور کوشش کی ۔

مزید 16 زخمی مسافروں کو علاج کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو پہنچایا گیا۔

حکام نے بتایا کہ بس میں سوار تمام افراد بھارتی شہری تھے جوایک رات قبل پوکھرا ٹھہرنے کے بعد کھٹمنڈو جا رہے تھے۔

گوتم نے کہا، "مرنے والوں میں سے ، 26 افراد کی لاشیں فی الحال ایک مقامی اسپتال میں ہیں اور تمام کارروائی کے بعد انہیں پوکھرا بھیجا جائے گا۔”

بھرت پور کے اسپتال میں ایک شخص علاج کے دوران چل بسا۔

گوتم نے مزید کہا، "آج ہماری توجہ مسافروں کو بچانے پر مرکوز تھی اب ہم اس واقعے کی چھان بین کریں گے۔”

ہمالیائی ملک میں ناقص سڑکوں، خراب گاڑیوں اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے نتیجے میں مہلک حادثات نسبتاً عام ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال اپریل سے اب تک ، بارہ ماہ میں نیپال کی سڑکوں پر لگ بھگ 2,400 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

جمعے کو ہونے والا یہ حادثہ اس کے ایک ماہ بعد پیش آیا ہے جب قریبی ڈسٹرکٹ چٹوان میں مٹی کے تودے گرنے کے باعث دو بسیں جن میں 59 مسافر سوار تھے دریا میں بہہ گئیں ۔

Share This Article
Leave a Comment