متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کو تسلیم کر لیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کو تسلیم کر لیا ہے ۔

اس سلسلے میں کابل کی وزارت خارجہ نے بھی اپنی ایک پوسٹ میں بدرالدین حقانی کے بطور سفیر متعین کرنے کی تصدیق کی ہے۔

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات نے بدھ کے روز طالبان کے سفیر کی اسناد کو قبول کر لیا۔

افغانستان کے طالبان حکمرانوں کے لیے یہ اب تک کی سب سے بڑی سفارتی جیت کہی جا سکتی ہے، جنہیں ابھی تک دنیا کی کسی بھی حکومت نے با ضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔

طالبان حکمرانوں نے گزشتہ دسمبر میں بیجنگ میں اپنا پہلا سفیر بھیجا تھا، جس کے بعد طالبان کی جانب سے سفارتی سطح پر یہ اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ تازہ پیش رفت اس بات پر بھی بین الاقوامی تقسیم کو واضح کرتی ہے کہ آخر کابل کی طالبان حکومت سے کیسے نمٹا جائے۔

کابل میں طالبان کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بدرالدین حقانی کی تعیناتی کے بارے میں خبر کی تصدیق کی۔ البتہ وزارت نے حقانی کے بارے میں مزید معلومات کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

واضح رہے کہ بدرالدین حقانی نام کے ایک سفیر اس سے قبل بھی متحدہ عرب امارات میں طالبان کے ایک ایلچی کے طور پر کام کر چکے ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ وہی ہیں یا کوئی دوسری شخصیت ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ طالبان کے زیر انتظام افغانستان کو سرکاری طور پر تسلیم کرنا اس وقت "تقریباً ناممکن” ہے جب تک ملک کی خواتین اور لڑکیوں پر پابندیاں عائد ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment