یو اے ای: کرونا وائرس کے 44 ہزار ٹیسٹ،540 نئے کیسوں کی تصدیق

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز کرونا وائرس کے 540 نئے کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے اور پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار ایک شخص وفات پا گیا ہے۔

یو اے ای کی حکومت کے مطابق اب ملک میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 38808 ہوگئی ہے اور کووِڈ-19 سے 276 اموات ہوچکی ہیں۔

اماراتی حکومت نے ٹویٹر کے ذریعے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کرونا وائرس کے ملک بھر میں 44 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 540 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

یو اے ای میں اب تک کرونا وائرس کے 21806 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔اس طرح اب ملک میں اس کے فعال کیسوں کی تعداد 17002 رہ گئی ہے۔

یو اے ای میں شامل سات اماراتوں نے کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کیلیے مختلف قواعد وضوابط کا نفاذ کیا ہے۔اب بعض امارتوں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے تعلق سے عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے جبکہ بعض میں از سرنو قدغنیں عاید کی جارہی ہیں۔

امارت دبئی میں لاک ڈاؤن کی بیشتر پابندیاں ختم کردی گئی ہیں،دکانیں اور ریستوران دوبارہ کھول دیے گئے ہیں اور سرکاری شعبے
کے 50 فی صد ملازمین اپنے دفاتر میں حاضر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

دبئی میں کھیلوں کی جگہیں بھی دوبارہ کھولی جارہی ہیں۔ان میں جِم اور فٹ بال اکادمیاں شامل ہیں۔تاہم امارت میں رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک ابھی کرفیو نافذ ہے اور گھروں سے باہر چہرے پر ماسک پہننے کی پابندی برقرار ہے۔

دوسری جانب ابو ظبی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے امارت میں داخلے اور وہاں سے باہر نکلنے پر پابندی عائدکررکھی ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت لوگوں کو مسلسل یہ تلقین کررہی ہے کہ وہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے رہ نما احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری رکھیں، وہ باہمی میل جول کے وقت طے شدہ دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں اور گھروں سے باہرعوامی جگہوں پر چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں۔

Share This Article
Leave a Comment