حوثی باغی جیلوں میں قید یوں کو کرونا کا شکاربنا رہی ہیں،اہلخانہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

یمن میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور جبری طورپر اغوا کے بعد قید کیے گئے شہریوں کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جیلوں میں قید مخالفین کو کرونا وائرس کا شکار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی طرف سے کرونا کا شکار ہونے والے افراد کو جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی وجہ سےاپوزیشن سے تعلق رکھنے والے قیدی بھی اس وبا کا شکار ہوجائیں۔

یمن میں اسیران کے اہل خانہ پرمشتمل کمیٹی کی طرف سے ایک بار پھر اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جیلوں میں قید ان کے عزیزوں کی رہائی کے لیے حوثیوں پر دباﺅ ڈالیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ وبا کی وجہ سے جیلوں میں قید شہریوں کی زندگیوں کو شدید نوعیت کے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

دوسری طرف شہریوں نےالزام عاید کیا ہے کہ حوثی ملیشیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جیلوں میں قید مخالفین کو کرونا کا شکار کرنے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ یمن میں حوثیوں کے قائم کردہ عقوبت خانوں میں قید شہریوں کی رہائی کے لیےاپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور انہیں کرونا کے خطرے سے نجات دلائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے صنعامیں قائم تین جیلوں میں سیکڑوں سیاسی کارکنوں کو قید کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ھبرہ اور سینٹرل جیلوں میں بھی بڑی تعداد میں یمنی شہریوں کو قید کیا گیا ہے اور ان میں کرونا پھیلانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ حوثی ملیشیا کی جیلوں میں قید یمنی باشندوں کی تعداد 10 ہزار سے زاید بتائی جاتی ہے۔ ان میں 12 صحافی، بڑی تعداد میں خواتین، سیاسی اور سماجی کارکن اور انسانی حقوق رضاکار شامل ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment