لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل اور حزب اللہ میں جنگ شروع ہوئی تو اسرائیل میں کوئی بھی مقام محفوظ نہیں رہے گا۔
ایران کی حمایت یافتہ عسکری تنظیم کے سربراہ حسن نصر اللہ نے بدھ کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ اسرائیل میں بڑی تعداد میں اہم اہداف کی نشان دہی کر چکی ہے۔ اگر اسرائیل کے ساتھ سرحدی تنازع جنگ کی شکل اختیار کرتا ہے تو ان اہداف پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔
حسن نصر اللہ کا دعویٰ تھا کہ حزب اللہ کے میزائلوں اور ڈرونز سے اسرائیل میں کوئی بھی مقام محفوظ نہیں رہے گا۔
حزب اللہ نے منگل کو ایسی ویڈیوز جاری کی تھیں جن میں اسرائیل کے اندر انتہائی حساس مقامات دکھانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
بدھ کو اپنے خطاب میں حسن نصر اللہ کا کہنا تھا ’’ہمارے پاس اب نئے ہتھیار آ چکے ہیں۔ لیکن میں یہ نہیں بتا سکتا کہ وہ ہتھیار کون سے ہیں۔‘‘
ان کے بقول، "ہمارا دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ہم خود کو بد ترین حالات کے لیے تیار کر چکے ہیں۔”
اسرائیل کی فوج کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل ہرزی حلوی نے بدھ کو لبنان کے قریب اسرائیلی سرحد کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران گفتگو میں اسرائیلی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل حزب اللہ کے پاس موجود ہتھیاروں سے بخوبی آگاہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن اسرائیل کی صلاحیتوں کے ایک چھوٹے سے حصے سے واقف ہے جب کہ اسرائیل جب چاہے ان کی نقل و حرکت کو دیکھ سکتا ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ میں گزشتہ برس اکتوبر کے بعد سے سرحدی جھڑپیں ہو رہی ہیں۔