نریندر مودی نے تیسری بار بھارت کے وزیرِ اعظم کے طورپر حلف اُٹھا لیا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

نریندر مودی نے تیسری بار بھارت کے وزیرِ اعظم کے طورپر حلف اُٹھا لیاہے۔

حال ہی میں منعقد ہونے والے الیکشن میں ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) انڈیا کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں اکثریت قائم نہ رکھ سکی اور 543 کے ایوان میں 240 نشستیں حاصل کر پائی۔

تاہم اس کے باوجود اپنے اتحادیوں کی مدد سے بی جے پی مسلسل تیسری مرتبہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

نریندر مودی نے تیسری بار انڈیا کے وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اُٹھا لیا ہے۔

مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی ماضی کے برعکس 2024 کے لوک سبھا کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کی وجہ سے اس بار حکومت سازی کے لیے انہیں حکومتی اتحاد پر انحصار کرنا پڑا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا کے انتخابات میں 303 نشستیں حاصل کی تھیں لیکن حالیہ انتخابات میں وہ 240 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی، 272 کی سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے مودی کو 15 رکنی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کا سہارا لینا پڑاہے۔

دو روز قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اتحاد، نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے قانون سازوں کی جانب سے نریندر مودی کو باضابطہ طور پر تیسری بار وزیراعظم نامزد کیا گیا، اجلاس میں نریندر مودی کو متفقہ طور پر این ڈی اے اور بی جے پی کا لیڈر منتخب کیا گیا، مودی کو بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا لیڈر بھی منتخب کیا گیا، جس کے بعد بھارتی صدر دروپدی مرمو نے مودی کو حکومت سازی کی دعوت دی۔

خیال رہے کہ مودی کی نئی حکومت کا قیام بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں جنتا دل (یونائیٹڈ) اور چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت تیلگو دیشم پارٹی کی حمایت پر منحصر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی اتحادی جماعتیں، خاص طور پر تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور جنتا دل (یونائیٹڈ) ایوان زیریں میں اسپیکر کے عہدے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، جب کہ بی جے پی 4 اہم وزارتیں اپنے پاس رکھے گی جن میں وزارت خارجہ، دفاع، داخلہ اور خزانہ شامل ہیں۔

تاہم نریندر مودی کی پارٹی نے یہ ظاہر نہیں کیا ہے کہ اتحادی ارکان کو ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کیا رعایتیں دی گئی ہیں لیکن کئی بڑی جماعتیں اہم وزارت کے قلمدان مانگ رہی ہیں۔

دوسری جانب ، بھارتی سیاسی جماعت کانگریس نے پارٹی رہنما راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment