بھارت : مودی اتوار کو وزیر اعظم کا حلف اٹھائینگے،راہول گاندھی کو اپوزیشن لیڈر بنانیکی منظوری

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی اتوار کوتیسری مدت کیلئے بھارت کے وزارت عظمی کاحلف اٹھائینگے جبکہ دوسری طرف کانگریس نے راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے قرارداد منظور کرلی ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی اتوار کو اپنی تیسری مدت کے لیے حلف اٹھانے والے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے بھارتی انتخاب میں اپنے اتحاد کی کامیابی کا اعلان کرنے کے بعد آئندہ مدت کے ایجنڈے سے متعلق چند نکات کا ہی تذکرہ کیا۔ تاہم انہوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ملک کی دفاعی قوت بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

نریندر مودی کی جانب سے بیان کردہ ترجیحات کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہند بحر الکاہل میں چین کی بڑھتی ہوئی بحری قوت اور توسیع پسندانہ عزائم امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں بھارت سے دفاعی تعلق خطے میں طاقت کے توازن کے لیے اہم ثابت ہو گا۔

اتنخابی نتائج کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈ کوارٹر کے باہر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا تھا کہ حکومت دفاعی پیداوار اور برآمدات پر فوکس کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بھارت اب ہتھیاروں کی درآمد پر انحصار کم کرے گا اور ’ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک دفاعی شعبے میں خود کفیل نہیں ہو جاتے۔‘

وزیرِ اعظم مودی کے دور میں بھارت اور امریکہ کے دفاعی تعلقات میں بالخصوص سلامتی امور سے متعلق ڈائیلاگ فورم ’کواڈ‘ کے ذریعے غیر معمولی وسعت آئی ہے۔ اس گروپ میں آسٹریلیا اور جاپان بھی شامل ہیں۔

دفاعی تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ ان میں امریکہ کا یہ مفاد ہے کہ چین جیسی قوت کے پڑوس میں اس کا بھارت جیسا مضبوط اتحادی ہے۔ کیوں کہ امریکہ چین کو اپنے لیے ایک ’بڑھتے ہوئے چیلنج‘ کے طور پر دیکھتا ہے۔

دوسری جانب بھارت کو اپنے سے زیادہ طاقتور حریف چین کے مقابلے میں امریکہ جیسی عسکری قوت کی حمایت مل رہی ہے۔

گزشتہ دو انتخابات میں نریندر مودی واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے میں کامیاب ہوئے تھے لیکن 2024 کے انتخابات کے بعد وہ نہ صرف اتحادیوں پر انحصار کرنے کے لیے مجبور ہیں بلکہ انہیں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط حزبِ اختلاف کا بھی سامنا ہو گا۔

دوسری جانب بھارتی سیاسی جماعت کانگریس نے پارٹی رہنما راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے قرارداد منظور کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پارٹی رہنما راہول گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے قرارداد منظور کی ہے۔

حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں راہول گاندھی نے رائے بریلی اور کیریلا کے علاقے ویاناد سے کامیابی حاصل کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی رہنما کماری سیلجا نے کہا کہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی یہ خواہش ہےکہ راہول گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالیں۔

کانگریس کے سینئر رہنما اور نومنتخب رکن کے سی وینگوپال نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اتفاق رائے سے راہول گاندھی سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں لیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کی قرارداد میں الیکشن مہم میں راہول گاندھی کی انتھک محنت کو بھی سراہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کے اتحاد این ڈی اے نے حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کیں جس کے بعد نریندر مودی تیسری مرتبہ بھارت کے وزیراعظم بنیں گے جب کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے مودی کے مینڈیٹ کو بڑا جھٹکا دیا اور لوک سبھا کی 234 نشستیں جیتیں۔

Share This Article
Leave a Comment