افغانستان میں آئل ٹینکر و مسافر بس میں تصادم، 21 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان کے صوبے ہلمند میں آئل ٹینکر اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، مسافر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد مارے گئے جبکہ 38 زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ صوبہ ہیرات کے ضلع گریشک میں ہیرات۔قندھار ہائی وے پر پیش آیا۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان محمد قاسم ریاض نے اے ایف پی کو بتایا کہ تصادم کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔

محکمہ اطلاعات کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ہائی وے پر جلی ہوئی لاشوں اور ٹینکر کے دبے ہوئے کیبن کو دیکھا جا سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹا رہا ہے۔

زخمیوں میں سے 11 شدید زخمی ہوئے جبکہ 27 کو معمولی چوٹیں آئیں۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق ہلمند کے ٹریفک مینجمنٹ کے حکام نے بتایا کہ مسافر بس ہرات شہر سے دارالحکومت کابل جا رہی تھی کہ پہلے ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس پر دو افراد سوار تھے اور وہ دونوں ہلاک ہو گئے۔

موٹر سائیکل سے ٹکر کے بعد بس ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا اور جنوبی شہر قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے میں ٹینکر میں سوار تین افراد اور بس کے 16 مسافر ہلاک ہوگئے۔

Share This Article
Leave a Comment