بلوچستان میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ، خاران میں 2 بچوں سمیت 3 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان بھر میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، خاران میںگھر کا چھت گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

خاران شہر کلان میں گذشتہ شب مچھلی فروش الٰہی بخش کے گھر کے مکان کی چھت گرنے کے سبب الٰہی بخش 2 بچوں سمیت ہلاک ہوگئے۔

لاشوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے نکالا اور میتوں کو ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال خاران منتقل کیا گیا۔

جبکہ نوشکی میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ریلوے لائن میں شگاف پڑنے سے بلوچستان ایران ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا۔

علاوہ ازیں خضدار، نال، وڈھ سمیت مختلف علاقوں میں بارش، کوہلو شہر اور گردونواح میں پانچ گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی طرح قلات شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارشِ کا سلسلہ جاری ہے ،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ آٹھ گھنٹوں میں اٹھارہ ملی میٹر بارشِ ریکارڈ کیا گیا ہے، اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔

دریں اثنا پنجگور اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر رہا جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران پنجگور میں طوفانی بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجگور کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا مگر اس کے باوجود علاقے کے سیلاب متاثرین کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا تھا حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر ان کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

Share This Article
Leave a Comment