بلوچستان سے سندھ کے علاقے جامشورو میں داخل ہونے والا نایاب تیندوا مقامی افرادکے ہاتھوں ہلاک ہوگیا۔
اس سلسلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا تھا کہ تیندوے کی ہلاکت کا واقعہ جامشورو کےگائوں کامبوہ میں پیش آیا جہاں تیندوا رات گئے داخل ہوا تھا اور مقامی افراد نے اسے فائرنگ کرکے مار ڈالا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ تیندوےکی ہلاکت کیرتھر نیشنل پارک کے علاقے میں ہوئی ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق جبل کامبوہ کا پہاڑی سلسلہ بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے، امکان ہےکہ تیندوا بلوچستان سے اس علاقے میں داخل ہوا تھا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا ہےکہ ایک وقت تھا کہ جب اس نسل کے تیندوے کراچی میں بھی پائے جاتے تھے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کیرتھر نیشنل پارک میں تیندوے کو مارنےکا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تیندوے کو مارنےکا مقدمہ وائلڈلائف اسٹیشن تھانہ بولا خان میں درج کیا گیا ہے۔
مرا ہوا تیندوا عدالتی کارروائی اور تحقیق وحنوط کے لیےکراچی منتقل کیا جارہا ہے۔