بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے لکش دیپ کے دورے پر مالدیپ کے وزرا کے تبصرے پر تنازع پیدا ہو گیا ہے جس کے بعد سے سوشل میڈیا پوسٹس کے مطابق سیاحت کے لیے مالدیپ جانے والے متعدد بھارتی شہریوں نے اپنا دورۂ منسوخ کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے تین دن قبل چار جنوری کو لکش دیپ کا دورہ کیا تھا اور سمندر میں ’اسنارکلنگ‘ یعنی زیرِ آب پیراکی کی تھی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ پر جزائر لکش دیپ کے اپنے دورے کا پرجوش تجربہ شیئر کیا تھا۔
مالدیپ کے ایک وزیر عبد اللہ محزوم ماجد نے وزیرِ اعظم کے دورے کو بھارت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کی کوشش تصور کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارت مالدیپ سے اپنی توجہ ہٹا کر لکش دیپ کو ایک دوسرے سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کو ساحلی سیاحت میں مالدیپ سے ایک چیلنج کا سامنا ہے۔
مالدیپ کی حکومت نے وزیرِ اعظم مودی کے بارے میں بیانات دینے کی وجہ سے تین وزرا مریم شئیونا، عبد اللہ محزوم ماجد اور مالشا شریف کو معطل کر دیا ہے۔
مالدیپ کی وزارتِ خارجہ نے اس سلسلے میں باقاعدہ بیان بھی جاری کیا ہے۔
مالدیپ حکومت میں نوجوانوں سے متعلق وزارت میں نائب وزیر مریم شئیونا نے وزیرِ اعظم مودی کو ان کے الفاظ میں ’جوکر‘ اور ’کٹھ پتلی‘ قرار دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
ایک اور وزیر زاہد رمیض نے بھی وزیرِ اعظم کے دورۂ لکش دیپ کا مذاق اڑایا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم مودی کے اس اقدام سے مالدیپ کو دھچکہ لگا ہے۔ اب لکش دیپ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھا قدم ہے لیکن ہم سے مقابلہ کرنا ایک فریب ہے۔ وہ ان کے جیسی سروسز کیسے فراہم کر سکتے ہیں۔ وہ اتنے صاف ستھرے کیسے ہو سکتے ہیں؟ کمروں کی بدبو سب سے بڑی تباہی ہوگی۔
ان بیانات کو گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں محمد معیزو کی کامیابی کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں آئی سرد مہری کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید نے مریم کے بیان کو توہین آمیز قرار دیا۔
انہوں نے اسے نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مالدیپ کی سیکیورٹی اور خوش حالی کے لیے ایک کلیدی حلیف ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی نے لکش دیپ کے دورے میں ’کوچی لکش دیپ آئی لینڈ سب میرین آپٹیکل فائبر کنکشن‘ کا افتتاح کیا تھا جب کہ صحت کے مراکز اور خواتین کے آنگن واڑی مراکز کی تعمیر نو کی بنیاد رکھی تھی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ پر پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں لکش دیپ کے عوام کے ساتھ رہنے کا موقع ملا۔ وہ ان جزائر کی خوب صورتی اور عوام کی گرم جوشی سے پرجوش ہیں۔ انہیں لوگوں سے گفتگو کا موقع ملا۔ وہ ان کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہیں۔