کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر چھٹی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں گذشتہ نو میچوں میں فتح کے ساتھ ناقابلِ شکست تھی مگر اسے آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کی سنچری کی بدولت چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا نے انڈیا کے سکور 240 کے جواب میں مطلوبہ ہدف 43 اوورز میں محض چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انڈیا نے اپنے ہدف کا دفاع کافی جارحانہ انداز میں شروع کیا اور آسٹریلیا کی ٹیم کے اوپنرز کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر واپس پویلین پہنچا دیا تھا۔
لیکن چوتھی وکٹ کی شراکت میں ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیبوشین نے ٹیم کو نہ صرف سہارا دیا بلکہ انڈیا کی امیدوں پر اوس بن کر گرے۔
اس شراکت میں انھوں نے اپنی ٹیم کو کامیابی تک پہنچا دیا تھا تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہیڈ باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 137 رنز بنائے۔
ان کے بعد آنے والے گلین میکسویل نے فیصلہ کن دو رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔
جسپریت بمرا نے دو جبکہ محمد سراج اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی مگر یہ شام مجموعی طور پر آسٹریلوی بلے بازوں کے نام رہی۔
انڈیا نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی دعوت پر روہت شرما کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز بنائے تھے۔
میچ میں آسٹریلیا کے بولرز نے متاثرکن کارکرگی دکھائی۔ انڈیا کے ٹاپ سکورر کے ایل راہل رہے جو 66 رنز بنا پائے۔ کوہلی نے عمدہ نصف سنچری بنائی جس کے بعد کمنز نے انھیں آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کے سٹارک نے 55 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کمنز نے 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہیڈ کے شاندار کیچ نے روہت شرما کی اننگز کا خاتمہ کیا جنھوں نے 31 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔