پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 9 افراد ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
کندھ کوٹ کے علاقے مہوال شاہ میں واقع گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے ہلاک ہونے والے ان 9 افراد میں 5 بچے، 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 45 سالہ حمیفان، 28 سالہ نیاز احمد، 25 سالہ ایاز احمد، 5 سالہ راشد محمود، 4 سالہ زبیر، 2 سالہ رخسانہ، 3 سالہ قربان اور 5 سالہ رخسانہ شامل ہیں، 23 سالہ زخمی خدیجہ کو زخمی حالت میں رحیم یار خان لے جایا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راست میں ہی انتقال کر گئیں۔
ایس ایس پی کندھ کوٹ نے دعویٰ کیاہے کہ کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں تھانہ گھوگھاٹ کی حدود میں علی نواز سبزوئی نامی شخص کے گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے، مزید تفتیش جاری ہے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والی خاتون کا نام شائستہ بتایا گیا ہے، روحیل کھوسو کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کو سول اسپتال کندھ کوٹ لایا گیا، بعدازاں زخمی خاتون شائستہ کو کندھ کوٹ سے لاڑکانہ ہسپتال بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ نے بتایا کہ بچوں کو گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے راکٹ کا گولہ ملا جسے وہ گھر لے آئے جہاں وہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے، مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ سول ہسپتال کندھ کوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔