امریکا و بلوچستان مابین ایک کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے، امریکی سفیر

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ امریکہ کے عزم کو ، جو ایک مستقل اور مضبوط شراکت داری ہے، اجاگر کرنے کیلئے بارہ ستمبر کو بلوچستان کے ساحلی وسی پیک مرکز کہلانے والے شہرگوادرکا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے سیاسی رہنماؤں، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور حکومتی و نجی شعبے کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

اس دورے کے دوران ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کو مہمیز دینے کیلئے مواقع کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس دورے کے کامیاب نتائج کو بروئے کار لائے جا سکیں۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے۔ گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کےبعد امریکہ نے خوراک اور اشد ضروری رقم کے ذریعے چھ لاکھ اکسٹھ ہزار افراد کی اعانت کی اور نوے ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کھانا فراہم کیا۔ گزشتہ سال کے دوران امریکی اعانت سے اکتالیس مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی۔ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو فروغ دیا گیا، اس طرح بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا۔

اپنے دورے کے دوران سفیر بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کیئے۔ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقات میں سفیر نے معاشی نمو، آفات کے دوران مدد اور تیاری ، سیکورٹی، اور امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کی ترقی کیلئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا، اور ان اقدامات کا ذکر کیا جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اپنے ہاں ماحول کو بہتر بنا سکتا ہے۔

گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان سے اپنی ملاقات میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے ان عوامل پر توجہ مرکوز کی جن کے ذریعے خطے میں کاروبار، نقل و حمل، سیاحت، ماہی گیری اور سمندر سے متعلقہ معاشی شعبوں میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ کس طرح پاکستانی کی قیادت میں تمام گروہوں کی شمولیت سے کاروباری تعلقات کو فروغ دے کر بلوچستان بھر میں روزگار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، اور کس طرح کاروباری تعلقات کو وسعت دے کر بلوچستان میں تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان سمیت سارے پاکستان کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے، متبادل توانائی کیلئے کوششوں اور سب کیلئے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اعانت فراہم کررہے ہیں۔ سبز اتحاد کے تحت بارہ ہزار کسانوں کو امریکی اعانت فراہم کی گئی، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بلوچستان سے ہے، اور دوہزار ہیکٹرز پر بہتر ٹیکنالوجی اور انتظامی طریقوں کو بروئے کار لاکر پیداور میں اضافہ اور برداشت اور بعد از برداشت نقصانات میں کمی لائی گئی۔

سفیر بلوم نے گوادر بندرگاہ کا دورہ بھی کیا اور پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی سے ملاقات میں بندرگاہ کی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں، گوادر کے علاقائی تجارتی مرکز بننے کی استعداد، اور اسے پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی، یعنی امریکہ، سے منسلک کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی۔ پاکستان نیوی کی مغربی کمانڈ سے ملاقاتوں میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے سالوں میں شراکت داری جاری رکھنے پر زور دیا۔

Share This Article
Leave a Comment