طالبان کیخلاف انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں مقدمہ چلانیکا مطالبہ

0
131

عالمی تعلیم کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے ، گورڈن براؤن نے کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم رکھنے پر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کو طالبان کے خلاف تحقیقات اور الزامات کی پیروی کرنی چاہیے۔

منگل کو ایک بیان میں گورڈن براؤن کا کہنا تھا کہ اب تک سامنے آنے والے قانونی مؤقف سے واضح ہوتا ہے کہ افغان لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا اور خواتین کے روزگار پر پابندی لگانا صنفی امتیاز ہے جس کو انسانیت کے خلاف جرم سمجھنا چاہیے اور اس کا مقدمہ آئی سی سی میں چلایا جاناچاہیے۔

گورڈن براؤن 2007 سے 2010 کے درمیان برطانیہ کے وزیرِ اعظم رہے ہیں اور اب وہ عالمی تعلیم کےلیےاقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی ہیں۔

گورڈن براؤن کے مطابق وہ آئی سی سی سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے قانونی آرا بھی ارسال کر دی ہیں۔

انہوں نے نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم انٹرنیشنل کرمنل کورٹ پر بھی زور دیاکہ وہ افغانستان میں خواتین پر پابندیاں عائد کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرے اور مقدمہ چلائے۔

ان کا یہ بیان افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کے اقتدار کے دو برس مکمل ہونے پر سامنے آیا ہے۔

اگست 2021 میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے افغانستان سے انخلا کے بعد طالبان نے انتظامِ حکومت سنبھال لیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے مختلف مراحل میں بچیوں اورخواتین کے تعلیم کےحصول اور روزگار پر پابندی عائد کر دی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here