پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے ناہڑ کوٹ کرم پور میں ڈیرہ بگٹی کے دکانداروں کی مزدا گاڑی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے2 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جبکہ ڈاکو 3 افراد کو گن پوائنٹ پر اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بگٹی قبیلے میں شدید اشتعال پھیل گیا۔ قبائلی و سیاسی عمائدین سمیت سیکڑوں شہریوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دھرنا دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے سکھر سے ڈیرہ بگٹی جانے والے تاجروں کی مزدا گاڑی پر ناہڑ کوٹ کرم پور کے مقام پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ڈیرہ بگٹی ٹاؤن کے رہائشی دو نوجوان دکاندار علی مندوانی راہیجہ بگٹی اور بہادر خان ڈومب بگٹی موقع پر ہی ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا جبکہ مزید 3 افراد کو نامعلوم ڈاکو گن پوائنٹ پر اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بگٹی قبیلے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔قبائلی رہنما میر لیاقت خان راہیجہ بگٹی وڈیرہ دین محمد مرہٹہ بگٹی کمانڈر سعید لوہار مسوری بگٹی سول سوسائٹی ڈیرہ بگٹی کے صدر اقبال مرہٹہ بگٹی ایپکا رہنما بابو عبدالغنی بگٹی کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
اس موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن رہا جبکہ احتجاج ریکارڈ کرنے کے بعد تمام رہنماں نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت قافلے کی صورت میں پہنچ کر جائے وقوعہ پر دھرنا شروع کردیا۔
دھرنے میں پہنچنے والوں میں چیف آف کلپر ڈاڈا جلال خان کلپر بگٹی وائس ٹان چیئرمین میر جمال کلپر بگٹی وڈیرہ شاہمراد مسوری بگٹی اور چیف آف ڈومب بگٹی وڈیرہ منظور احمد ڈومب بگٹی اور ان کے سینکڑوں ساتھی شامل تھے ۔
دریں اثنا چیف آف شمبانی بگٹی اور ڈسٹرکٹ وائس چئیرمن وڈیرہ غلام نبی بگٹی اور چیف آف سیدیانی بگٹی نے سندھ میں آباد اپنے قبائل کو دھرنے میں شرکت کی ہدایت کردی ۔
اطلاع کے مطابق نواحی علاقہ پیرکوہ میں نوسانی قبائل اور زین کوہ میں چندرازئی قبائل نے علاقے میں شٹر ڈان اور احتجاجی مظاہرہ کرکے واقعے کی شدید مذمت کی ۔
دوسری جانب معروف نوجوان سیاسی کارکن ڈاکٹر حیات باٹھوانی بگٹی کی قیادت میں پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔