بلوچ ہمارے بھائی و دوست ہیں، پشتون وسائل پر ڈاکہ نہ ڈالیں،محمود اچکزئی

0
220

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے زیارت میں پارٹی کی ضلعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی طاقتوں کے مفادات اور اجارہ داری قائم کرنے اور رکھنے کے جنگ کی وجہ سے ہمارا خطہ ایک بار پھر اس سے اٹھنے والے طوفان کے زد میں ہے۔ اس دفعہ غلطی کی گنجائش نہیں، میں خصوصاً پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنان، پشتون بلوچ، ملک کے سیاسی قوتوں بشمول اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ بہت محتاط اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان اور پشتونوں کا خطہ چالیس سال سے بین الاقوامی طاقتوں کے مفادات کے جنگ میں تباہ ہوگیا ، افغانستان مختلف ممالک کی مداخلت اور جنگ کا مرکز رہا ، دہشتگرداور دہشتگردی افغانوں پر مسلط کی گئی اور افغان مسلط کردہ دہشتگردی کے شکار ہوتے چلے آئے ہیں ،آج ایک مرتبہ پھر پشتونخوا وطن میں دہشتگردی کے واقعات تواتر سے جاری ہیں ، پارٹی یہ کہتی ہے کہ اس سرزمین کو غیروں کی جنگ کا آماجگاہ نہ بنائیں،چھوٹی غلطی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون کسی کے ایک انچ زمین کے دعویدار نہیں لیکن اپنی سرزمین کا انچ زمین کسی کو نہیں چھوڑ سکتے نہ ہی اپنے وسائل پر کسی کو زور زبردستی قبضہ کی اجازت دے سکتے ہیں، بلوچ ہمارے بھائی ہمارے دوست ہیں ہم انہیں کہتے ہیں کہ آپ کسی اور کے کہنے پر ہمارے وسائل پر ڈاکہ نہ ڈالیں۔ پشتون بلوچستان میں برابری کی سطح پر رہنا چاہتے ہیں اورہر شعبہ زندگی میں برابری چاہتے ہیں ہم دو بھائیوں کی حیثیت سے ملکر اپنے حقوق کیلئے مشترکہ طور پر بہترین سیاسی جدوجہد کرسکتے ہیں ۔ ہم باہمی اتحاد سے سیاسی جد وجہد کے ذریعے امن قائم رکھنے اور اپنے حقوق و مفادات کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔ ہمیں بشمول اسٹیبلیشمنٹ کو کسی کے مفادات کے جنگ میں فریق نہیں بننا چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here