بنگلہ دیش کے جنوبی ضلع جھلاکاٹھی میں بس سڑک کے کنارے موجود پانی کے تالاب میں گرنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق مرنے والوں میں 8 خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں، ضلعی پولیس افسر افروز الحق توتل نے ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کو بتایا کہ زخمیوں میں سے 45 کو قریبی سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
حادثے کا شکار بس جنوبی مغربی ضلع پیروج پور کے علاقے بھنڈاریا سے ضلع جھلکاٹھی کی جانب جارہی تھی، ڈرائیور نے بس پر کنٹرول کھودیا جس کےبعد وہ تالاب میں گر گئی تھی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
افروز الحق نے بتایا کہ پولیس نے فائر سروس اور سول ڈیفنس کے تعاون سے بس کو تالاب سے نکال لیا ہے، ہم ابھی تک یہ دیکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ کہیں کوئی شخص لاپتا یا مردہ تو نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں بھی وسطی بنگلہ دیش میں تیز رفتار بس ایک بڑی شاہراہ پر الٹ گئی اور کھائی میں جاگری تھی جس سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔