یوکرین میں لڑنے والی روسی نجیملیشیا واگنر کے فوجیوں نے بیلا روس کے فوجیوں کے ساتھ مل کر پولینڈ کی سرحد کے قریب واقع شہر بریسٹ کی ایک فائرنگ رینج سے اپنی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔
بیلا روس کی وزارت دفاع کے مطابق یہ مشقیں ایک ہفتے تک جاری رہیں گی۔ ان جنگی مشقوں سے بیلاروس کے ہمسایہ ملکوں میں اپنے دفاع سے متعلق خدشات جنم لے ر ہے ہیں اور پولینڈ نے بیلا روس کے ساتھ سرحد پر اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ واگنر گروپ نے اپنے لیڈر پریگوزن کی قیادت میں گزشتہ ماہ روس میں فوجی بغاوت کی تھی، جس کے چوبیس گھنٹے بعد روس کے ہمسایہ ملک بیلاروس کی ثالثی میں بغاوت ختم کرنے کے لئے روس اور واگنر گروپ کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت واگنر گروپ کے فوجیوں کو روس کے بجائے بیلاروس میں قیام کی اجازت ملی تھی۔ اس معاہدے کے تحت واگنر گروپ کو بیلا روس کا دفاع مضبوط بنانے میں مدد کرنی ہے۔
بدھ کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں واگنر گروپ کے سربراہ پریگوزن کو دیکھا جا سکتا ہے، جو گزشتہ ماہ کی بغاوت کی قیادت کے بعد پہلی بار منظر عام پر آئے ہیں۔ اس ویڈیو میں انہیں اپنے فوجیوں سےیہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ افریقہ میں اپنے فوجیوں کی نئی تعیناتی سے قبل وہ کچھ وقت بیلا روس کی فوج کی تربیت پر صرف کریں گے۔
ایک روز قبل بیلا روس میں فوجیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ایک سر گرم گروپ، بیلا روسکی ہاجون نے کہا تھا کہ واگنر گروپ کے 2 ہزار سے زیادہ فوجیوں کے 9 قافلے بیلاروس میں داخل ہو تے دیکھے گئے ہیں۔ جبکہ واگنر کے ایک کمانڈر نے اپنی کمپنی سے منسلک ایک میسجنگ ایپ پر ایک بیان پوسٹ کیا تھا جس میں کہا گیا کہ واگنر کے لگ بھگ 10 ہزار فوجی بیلا روس میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔
بیلا روس کی حزب اختلاف کی لیڈر سویتلانا سیہانوسکایا (Sviatlana Tsikhanouskaya )نے کہا ہے کہ واگنر کے فوجیوں کی تعیناتی ان کے ملک کو عدم استحکام میں مبتلا کر دے گی اور اس کے پڑوسیوں کے لیے خطرہ بن جائے گی۔ واضح رہے کہ سویتلانا سیہانوسکایا کو بیلاروس میں 2020 کے انتخابات میں سخت گیر صدر لوکا شینکو کو چیلنج کرنے کے بعد بیلا روس چھوڑنے پر مجبو ر کر دیا گیا تھا۔
ادھر بیلاروس کے ہمسایہ ملک پولینڈ کے وزیر دفاع نے ملک کے سرکاری ریڈیو پر واگنر کے ہزاروں فوجیوں کو بیلا روس میں منتقل کرنے پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پولینڈ بھی اپنے دفاع کے لئے چند فوجی یونٹس کو پولینڈ کی مشرقی سرحد کی طرف منتقل کر رہا ہے۔