اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے لیے رابطہ کار مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے بعد سے تقریباً 80 لاکھ افراد کو یوکرین سے نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ مزید 53 لاکھ شہری اندرون ملک ہی بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ میں مہاجرین کی سب سے بڑی نقل وحرکت ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (اوچا) کے سربراہ گریفتھس نے نیو یارک میں اس ادارے کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ یوکرین کی تقریباً 40 فیصد آبادی کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ ملک میں 17.6 ملین افراد کو متاثر کرنے والے شدید انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے تحت تقریباﹰ 3.9 بلین یورو کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 24 فروری 2022 کے روز یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بعد سے اب تک 7000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گریفتھس کا کہنا تھا، ”(ہلاک شدگان کی) اصل تعداد یقیناً زیادہ ہے۔‘‘