جرمن خفیہ ایجنسی کا پوٹن کے نظام میں کوئی دراڑ نہ دکھنے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
فوٹو: روئٹر

بیرونی ممالک کے لیے جرمن خفیہ ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ روسی معاشرے میں اختلافات صدر پوٹن کی حکومت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگ کے لیے ماسکو کے پاس افراد اور کافی ساز و سامان موجود ہے۔

جرمن انٹیلی جنس ایجنسی (بی این ڈی) کے سربراہ برونو کہل نے 22 مئی پیر کے روز کہا کہ انہیں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی حکمرانی میں کسی قسم کی کوئی کمزوری نظر نہیں آ رہی ہے۔

کہل نے فیڈرل اکیڈمی فار سکیورٹی پالیسی (بی اے کے ایس) میں اس موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پوٹن کے نظام میں کوئی دراڑ نظر نہیں آتی ہے۔

کہل نے کہا کہ جنگ سے متعلق روسی معاشرے میں عوامی تنقید معمول کے تنازعات کے مترادف ہے اور اس سے پوٹن کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں لاحق ہے۔

انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے فوجیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اب بھی طویل مدت تک جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کہل نے کہا کہ اس کے لیے روس کے پاس کافی ساز و سامان اور گولہ بارود بھی موجود ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی خراب کارکردگی سمیت روس میں بعض کمزوریاں بھی ہیں۔

جرمن جاسوسی ایجنسی کے سربراہ نے کہا کہ اگر مغرب منظم طریقے سے یوکرین کی حمایت نہیں کرتا ہے، تو پوٹن کی طویل مدتی حکمت عملی اس پر غالب آسکتی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment