پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتارری کیخلاف ملک بھرمیں جلائو گھیرائو اورکارکنان کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔
انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کوگرفتارکرلیا گیا ہے ۔
اطلاعات ہیں کہ شاہ محمود قریشی کو رات گئے حراست میں لے لیا گیاہے۔
اسی طرح پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی کے نائب صدر فواد چوہدری کو اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے بیان میں کہا کہ فواد چوہدری کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے 12 مئی تک ضمانت حاصل کرنے کے باوجود گرفتار کرلیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ملک بھر کے اہم شہروں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
اب اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں فوج تعینات ہوگئی ہے ۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج کے دوران 47 مظاہرین کو قتل کیا گیا ہے۔