یمن میں جنگ بندی کی مدت میں عرب اتحاد نے ایک ماہ کی توسیع کردی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد نے ماہ صیام کی آمد اور کرونا وائرس کی وجہ سے یمن میں جنگ بندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

میڈیارپورٹوں کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریفیتس کی طرف سے جنگ بندی کی مساعی کے پیش نظر عرب ممالک کے عسکری اتحاد نے 15 شعبان کو دو ہفتوں کی عبوری جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ امن کو مزید موقع فراہم کرنے، کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحرانی حالات اور ماہ صیام کے تناظر میں عرب اتحاد نے 30 شعبان 23 اپریل بہ روز جمعرات سے یمن میں مزید ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

کرنل المالکی نے بتایا کہ یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے کام کرنے والے عرب اتحاد کو یمن کی موجودہ نازک صورت حال کا احساس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد یمن میں جنگ بندی کو متحارب فریقین کے درمیان مستقل جنگ بندی کے لیے ایک بہترین موقع خیال کرتا ہے۔ جنگ بندی کےاعلان سے یمن میں جاری تنازع کے سیاسی حل کا ایک اور موقع ملا ہے اور یمن کے حوثی باغیوں کو اس موقعے سے فایدہ اٹھانا چاہیے۔

ترجمان نے جنگ بندی کے باوجود حوثیوں کی طرف سے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگ بندی کے دو ہفتوں کے دوران حوثیوں کی طرف سے اس کی 1096 بار خلاف ورزی کی گئی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment