جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کا کہنا ہے کہ نیٹو کو یوکرین کی رکنیت پر بہت احتیاط سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ نیٹو کے سربراہ نے اپنے دورہ کییف کے دوران اس فوجی اتحاد میں یوکرین کی شمولیت کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔
جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کا کہنا ہے کہ نیٹو کے فوجی اتحاد میں یوکرین کی رکنیت کے بارے میں فیصلہ کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔
انہوں نے جمعرات کی رات ایک ٹاک شو کے دوران کہا، "دروازہ کھلا ہے، ایک شگاف ہے، لیکن اس پر فیصلہ کرنے کا یہ وقت نہیں ہے۔” پسٹوریئس نے مزید کہا کہ جنگ میں مزید شدت کے دوران اس متبادل پر سنجیدگی سے بات نہیں کی جا سکتی۔
جرمن وزیر نے کہا کہ نیٹو اتحاد میں یوکرین کی شمولیت کے حوالے سے کسی بھی قدم پر "احتیاط سے” سمجھنے اور غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آپ کو ٹھنڈے دماغ اور گرم دل کے ساتھ فیصلہ کرنا ہو گا، اس کے برعکس نہیں۔”
نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے جمعرات کے روز ہی یوکرین کے دارالحکومت کییف کا دورہ کیا اور نیٹو اتحاد میں یوکرین کے الحاق کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔