یورپی ملک فن لینڈنے اتحاد نیٹو میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ اس سلسلے میں نیٹو کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے مہینوں میں سویڈن بھی اس دفاعی اتحاد میں شامل ہو جائے گا۔ فن لینڈ کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کی حمایت کے لیے نیٹو پر زور دیں گے۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نےکہا ہےکہ فن لینڈ منگل کو دنیا کے سب سے بڑے فوجی اتحاد کا اکتیسواں رکن بن جائے گا۔ پیر کے روز اس اعلان پر روس کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر نیٹو نے اپنے نئے رکن ملک میں کوئی فوجی تعینات کیے تو وہ اپنی مشترکہ سرحد کے قریب اپنے دفاع کو مضبوط کرے گا۔
اسٹولٹن برگ نے برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک تاریخی ہفتہ ہے۔ انہوں نے کہا، کل سے فن لینڈ اس اتحاد کا مکمل رکن بن جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سویڈن آنے والے مہینوں میں نیٹو میں شامل ہو جائے گا۔
ناروے کے سابق وزیر اعظم اسٹولٹن برگ نے کہا کہ منگل کی سہ پہر ہم پہلی بار یہاں نیٹو کے ہیڈ کوارٹر میں فن لینڈ کا جھنڈا بلند کریں گے۔ یہ فن لینڈ کی سلامتی، نورڈک سکیورٹی اور مجموعی طور پر نیٹو کے لیے اچھا دن ہو گا۔‘‘ اسٹولٹن برگ نے کہا کہ ترکی، فن لینڈ کی رکنیت کی توثیق کرنے والا آخری ملک، منگل کو اپنا سرکاری متن امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو دے گا۔