صدر شی جن پنگ تیسری مدت کیلیے چین کے صدر منتخب ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

چین کے صدر شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے ملک کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارےرائٹرز کے مطابق چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (پارلیمنٹ) کے لگ بھگ تین ہزار ارکان نے جمعے کو صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے اور تمام کے تمام ووٹ صدر شی کے حق میں ڈالے گئے۔

انہتر سالہ صدر شی کے خلاف صدارت کے لیے کوئی امیدوار مدِ مقابل نہیں تھا۔ جمعے کو رسمی ووٹنگ کا عمل ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد 15 منٹ کے اندر الیکٹرانک کاؤنٹگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

واضح رہے کہ صدر شی نے گزشتہ برس اکتوبر میں آئندہ پانچ برس کے لیے خود کو پارٹی کا جنرل سیکریٹری منتخب کرا لیا تھا۔ شی کے اس انتخاب سے 10 سال بعد اقتدار کی منتقلی کی روایت بھی ٹوٹ گئی تھی۔

صدر شی نے 2018 میں آئین سے صدارت کے لیے دو مرتبہ کی حد بھی ختم کر دی تھی جس کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ صدر شی تاحیات اقتدار میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جمعے کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ملک کے نائب صدر اور پارلیمنٹ کے چیئرمین کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔

پارلیمنٹ نے 66 سالہ ژاؤ لیجی کو پارلیمنٹ کا چیئرمین اور ہان زینگ کو ملک کا نائب صدر منتخب کر لیا۔ دونوں رہنما صدر شی کی سابقہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

کمیونسٹ چین کے بانی ماؤزے تنگ کے بعد صدر شی کو ملکی تاریخ کا سب سے طاقت ور حکمراں سمجھا جاتا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment