خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے پہاڑی علاقے ایلم میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد میں جھڑپ میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع سوات اور ضلع بونیر کی سرحد پر واقع ایلم میں پاکستانی فورسز پر سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان فوج کے دو اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پاکستان فوج کے ہلاک اہلکار کی شناخت حوالدار ظہیر جبکہ ایلیٹ فورس اہلکار کی شناخت محمد حنیف کے نام سے ہوئی، محمد حنیف پلاٹون 63 کا اہلکار تھا۔
حملے کے بعد فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے پہاڑی کو گھیرے میں لے لیا جہاں مسلح افراد اور فورسز کے درمیان وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے کہا ہے کہ حملے میں پاکستان فوج کے پانچ اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے۔