یوکرین میں وزیر داخلہ سمیت 18 افراد ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
بدھ کی صبح کو یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر کییف کے نواح میں ایک کنڈر گارٹن کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
اس حادثے میں ملکی وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ وزارتی اہلکاروں نیز تین بچوں سمیت اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے۔
یوکرین کے دارالحکومت کییف کے شمال مشرقی نواحی علاقے بروویری کے مقامی حکام نے بتایا کہ بدھ کو صبح کے وقت ایک ہیلی کاپٹر ایک کنڈر گارٹن اور ایک رہائشی عمارت پر گر گیا۔
علاقائی گورنر کے مطابق اس حادثے میں 15بچوں سمیت 29 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ملکی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ وزیر داخلہ ڈینیز مونسٹائرسکی اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سن 2021 میں انہیں وزیر داخلہ کے عہدے پر مقرر کیا تھا۔ حادثے میں وزیر داخلہ کے اول نائب یوہینی اینن اور وزارت کے ریاستی سکریٹری کی بھی موت ہو گئی۔
پولیس سربراہ ایہور کلائمینکو نے بتایا، ”بروویری میں حادثے کے نتیجے میں یوکرین کی وزارت داخلہ کی قیادت ہلاک ہوگئی۔ وہ ریاستی ایمرجنسی سروس کے ایک ہیلی کاپٹر پر سوار تھے۔”