بلوچستان وسندھ کی آبادی کو تباہ کن صور تحال کا سامنا ہے،گوتریس

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ کی آبادی کو تباہ کن صور ت حال کا سامنا ہے۔ اور میں سمجھتا ہوں کہ عالمی برادری کی ایک بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے کیونکہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں اس ملک کا کردار بہت ہی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وہاں دیکھا کہ میرے اپنے ملک کے رقبے سیتین گنا سے زیادہ علاقہ سیلاب کا شکارہے۔فصلوں، جانوروں،گھروں اور زندگیوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

سیکرٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ میں پاکستان کی حمایت کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔ میں سیلاب آنے کے فوراً بعد پاکستان گیا تھا۔

انہوں نے پاکستان پر ٹی ٹی پی کے حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عالمی برادری کا افغانستان سے ایک واضح مطالبہ ہے کہ وہ ان دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں کو روکیں جو افغانستان کے پڑوسی ممالک خاص طور پر پاکستان کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم طالبان حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ طالبان کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ایسی کسی بھی قسم کی دہشت گردا سرگرمی کی اجازت نہ دیں جس کا اثر پاکستان اور خطے کے کسی دوسرے ملک پر ہو۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے عالمی برادری سے طالبان کے وعدوں کے حوالے سے کہا کہ طالبان کو اقتدار کے ڈھانچے میں ملک کے مختلف نسلی گروہوں کو شامل کرنے میں پیش رفت کرنی چاہیے اور تمام نسلی گروہوں کو نمائندگی دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے ضروری ہے کہ طالبان خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا احترام کریں، خواتین کو کام کرنے کا حق اور لڑکیوں کو ہر سطح پر تعلیم حاصل کرنے کا حق دیں۔

Share This Article
Leave a Comment