پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے قریب انڈس ہائی وے پر 2 مسافر بسوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق راجن پور انڈس ہائی وے شاہ والی کے مقام پر 2مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثہ راجن پور میں شدید دھند کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوفناک حادثے کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 25افراد زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا، زخمیوں کو شاہ والی اور تحصیل روجھان ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے میں متاثر بسوں میں سے ایک بس پشاور سے کراچی جا رہی تھی جب کہ دوسری بس کوئٹہ سے راجن پور آ رہی تھی کہ شدید دھند کے باعث دونوں آپس میں ٹکرا گئیں۔