پاکستانی فوج نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں 10 آزادی پسندمسلح افراد کومارنے اورایک زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جبکہ دوسری طرف آزادی پسندمسلح تنظیموں کی جانب سے اس کی ابھی تک تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے 10 مسلح افراد کومارادیاہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ خفیہ اطلاع پر مسلح افراد کے ٹھکانے کلیئر کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات اور گوادر۔ہوشاب (ایم-8) پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ 12 سے 14 مسلح افراد کے ٹھکانے کی شناخت ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز پوزیشنز سنبھالنے کے عمل میں تھی کہ انہوں نے پہلے سے فائرنگ شروع کردی۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 مسلح افراد مارے گئے اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ فرار ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود بشمول آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔
واضع رہے کہ گذشتہ روزبلوچستان کے ضلع کیچ کے دیہی علاقوں میں آپریشن کے نام پرپاکستانی فوج کی جارحیت کی خبرسامنے آئی تھی جہاں ہیلی کاپٹروں کی نیچی پروازیں اور شیلنگ کی اطلاعات تھیں۔اور مذکورہ علاقہ ہوشاپ کے قریب واقع ہے۔
علاقائی ذرائع بتاتے ہیں کہ کولواہ میں فورسز کی زمینی اور فضائی دونوں کارروائیاں جاری ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف وہراس ہے اور لوگوں گھروں میں محصور ہیں۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ گذشتہ روزاعلی الصبح سے کولواہ کے علاقے شاپکول اور پارگ کے قریبی پہاڑی سلسلوں میں گن شپ ہیلی کاؤپٹروں کی پروازیں اور جگہ جگہ شیلنگ جاری ہے۔
ہوشاپ میں آئی ایس پی آر کی 10مسلح آزادی پسند وں کے مارے جانے کے بیان کے بعد تاحال بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے اس کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔