کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ایک اور جعلی کارروائی میں ”براس“ کوبارودی مواد فراہم کرنے کے الزام میں 4افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ اور حساس ادارینے کراچی حب ریور روڈ پر ایک مشترکہ کارروائی کی ہے جس میں مشتبہ افراد کو بارودی مواد فراہم کرنے والے چار ملزمان میرعلی شاہ، محمد اقبال، نصر اللہ اور محمد کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزمان کالعدم تنظیم بلوچ راجی آجوئی سنگراور دیگر علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کو بارودی مواد فراہم کرتے تھے۔ملزمان بلوچستان سے کراچی مواچھ گوٹھ قبرستان حب ریور روڈ پر بارودی مواد کی سپلائی دینے آتے تھے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ گرفتار ملزمان اس سے پہلے بھی دو سے تین بار بارودی مواد کراچی سپلائی کرچکے ہیں۔ملزمان بارودی مواد بیرونی ملک سے اسمگلنگ کرکے لاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے کمرشل ایکسپلوزو، سیفٹی ٹائم فیوز، نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر، 7 عدد بڑی اسسٹکس، 18 عدد چھوٹی اسسٹکس تقریباً 88 فٹ 3 عدد برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔