بھارت میں زائرین کو مندر سے واپس لاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی پلٹ کر تالاب میں گر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے بتایا کہ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کانپور میں ہونے والے حادثے میں 22 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بھارت کے دیگر میڈیا نے تھوڑی کم ہلاکتوں کو رپورٹ کیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ٹریکٹر ٹرالی ہندو زائرین کو چندریکا دیوی مندر سے واپس لا رہی تھی۔
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے ٹوئٹ میں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نریندرا مودی نے ٹوئٹ میں کہا کہ کانپور میں ٹریکٹر ٹرالی حادثے کا سن کر دکھ ہوا، میرے خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعائیں ہیں۔
دی ہندو کے مطابق تر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ ٹریکٹر ایک بڑی ٹرالی کو کھچینچ رہی تھی، اسے مسافروں کو نہیں بلکہ صرف زرعی مصنوعات کی مال برداری کے استعمال ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانپور ضلع میں ہونے والا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔