یوکرینی حکام کو شمال مشرق قصبے ازیوم سے ایسی اجتماعی قبر ملی ہے جس میں 440 لوگوں کو دفن کیا گیا تھا، اس علاقے کو چند دن قبل روسی افواج سے قبضہ چھڑا کر حاصل کیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے‘رائٹرز’کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ اس میں گولہ باری اور فضائی حملوں سے ہلاک ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہزاروں روسی افواج گذشتہ ہفتے کے آخر میں خارکیف کے علاقے کو لاجسٹک مرکز کے طور پر استعمال کرنے کے بعد ازیوم چھوڑ گئے تھے، انہوں نے بڑی مقدار میں گولہ بارود اور سامان چھوڑا ہے۔
یوکرین کی وزارتِ دفاع نے ٹوئٹ کیا کہ (روسیوں) سے قبضہ چھڑانے کے بعد ازیوم میں اجتماعی قبر ملی ہے، جس میں 440 لاشیں ہیں۔
خارکیف میں پولیس چیف برائے تحقیقات سرہائی بولونیوف نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ کچھ لوگ توپ کے فائر اور کچھ فضائی حملوں سے ہلاک ہوئے، رائٹرز کو فوری طور پر یوکرینی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوسکی اور روس کی طرف سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بدھ کو ازیوم کا دورہ کیا تھا، انہوں نے اجتماعی قبر کی دریافت کو جنگی جرائم کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ روس نے بوچا کے علاقے میں شہریوں کے ساتھ یہ کیا ہے جہاں روسی افواج حملے کے آغاز کے وقت داخل ہوئی تھی۔
ولودیمیر زیلنسکی نے ویڈیو پر جاری بیان میں کہا کہ روس نے ہر جگہ لاشیں چھوڑی ہیں، اس کو لازمی ذمہ دار ٹہرانا چاہیے۔