کوئٹہ: سید ہاشمی کی ادبی خدمات پر سیمینار، 12 کتب کی رونمائی

0
196

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں شعبہ بلوچی جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچی زبا ن کے معروف شاعر و ادیب، ماہر لسانیات اور بلوچی ڈکشنری کے خالق سید ہاشمی کے ادبی خدمات پر نوری نصیر خان کمپلکس میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی نے کی جبکہ مہمان خاص سید ہاشمی اکیڈمی گواد ر کے سربراہ علی عیسیٰ اور اعزازی مہمامانان میں کامریڈ واحد بلوچ اور سید ہاشمی کے فرزند واجد شاہ ہاشمی تھے۔

تقریب کے پہلے حصے میں شعبہ بلوچی کی زیر نگرانی میں سید ہاشمی کی زندگی اور ادبی کارناموں پر لکھے گئے مختلف لکھاریوں کی بارہ کتابوں کی رونمائی کی گئی۔

تقریب رونمائی سے ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی، چیئرمین شعبہ بلوچی ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ایم پی اے ثنا بلوچ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر لالا رشید دشتی، ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر نصیب اللہ سیماب، ڈاکٹر علی دوست بلوچ، کامریڈ واحد بلوچ اور سید ہاشمی کے فرزند واجد شاہ ہاشمی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ہاشمی کی ادبی خدمات کو پہلی دفعہ اس سطح پر اجاگر کرکے سید شناسی کے نام پر کتابی سیریز ترتیب دی گئی ہے۔ زبان و ادب قوم کی ترقی کا ضامن ہے۔ بلوچی کا شمار دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں ہوتا ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے نوجوان نسل اپنی زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لئے ہراول دستے کا کردا ر ادا کرے۔

تقریب میں شعبہ بلوچی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی تقسیم بھی کی گئی۔

اس سلسلے میں دو ایوارڈ تقسیم کئے گئے جس میں علی عیسیٰ اور ڈاکٹر علی دوست کو ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ تقریب کے دوسرے حصے کی صدارت سید ہاشمی اکیڈمی گوادر کے صدر علی عیسیٰ نے کی جس میں اسحاق خاموش، ملا مراد، ھدارھم بلوچ، چندن ساچ، الطاف بلوچ، سنگت رفیق و دیگر نے سید ہاشمی پر لکھے گئے مقالے پڑھے۔

تقریب کے تیسرے حصے میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت بھی علی عیسیٰ نے کی۔

شعری دیوان سے علی عیسیٰ، ممتاز یوسف، اسحاق خاموش، ظفر اکبر، ڈاکٹر علی دوست، چندن ساچ، عاصم زہیر، عزیز ریحان و دیگر حصہ لیا، جبکہ اسٹیج کے فرائض پروفیسر صادق صبا نے سر انجام دیے۔

آخر میں میر حمل کلمتی اور شعبہ بلوچی کے چیئرمین ڈاکٹر رحیم مہر نے مہمانوں میں شیلڈ تقسیم کیں۔

تقریب میں اسٹیج کے فرائض پروفیسر اے آر داد اور ڈاکٹر زاہد دشتی نے انجام دیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here