افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک مدرسے میں دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے چار بچے ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اور ڈاکٹرز کے مطابق اسکول میں دھماکہ ہفتے کو اس وقت ہوا جب بچے مدرسے کے باہر ملنے والی ان اشیا کو مدرسے کے اندر لائے، جس میں یہ بارودی مواد نصب تھا۔ بعد ازاں اس مواد میں دھماکہ ہوا جس سے بچے نشانہ بنے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق صوبائی پولیس چیف کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ہلمند میں ہونے والا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچوں کو دھماکہ خیز مواد ملا۔ جسے وہ اپنی درس گاہ کے اندر لے آئے اور اس سے کھیلنے لگے۔
بیان کے مطابق واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔
ہلمند کے صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ کے اسپتال کے ڈاکٹر کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتانا تھا کہ اس دھماکے سے تین بچوں کی اموات فوری طور پر ہو گئی تھی جب کہ ایک بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی۔