بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا کے اغوا اور ہلاکت کے بعد ان کے ساتھی کی بازیابی کیلئے جاری فوجی کارروائی کے دوران مزید5 افراداور1 اہلکار کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زیارت کے علاقے میں جاری ریکوری آپریشن کے دوران 14 اور 15 جولائی کی درمیانی شب خلیفہ کے پہاڑوں میں خوست کے قریب سیکیورٹی فورسز نے اغواکاروں کے ایک ٹھکانے کی نشاندہی کی اور اسے کلیئر کر دیا۔
دعوے کے مطابق گھیرے میں لیے جانے کے بعد اغوا کاروں نے فوجی دستوں کو قریب آتے دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حوالدار خان محمدہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بلوچ لبریشن آرمی کے 5 کارکن مارے گئے۔
بیان کے مطابق دیگر اغواکاروں کو پکڑنے اور عمر جاوید کی بازیابی کے لیے علاقے میں ریکوری آپریشن جاری رہے گا۔