پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے آج 3 اپریل کو مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 441 ہوگئی جبکہ اب تک 35 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز یعنی 2 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید 181 کیسز اور 3 اموات ریکارڈ کی گئیں جس میں 2 افراد کی سندھ اور ایک کی خیبرپختونخوا میں موت واقع ہوئی۔
26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا جس کے بعد اس عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
اس وقت پنجاب اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 920 ہوگئی ہے، اس کے بعد سندھ ہے جہاں آج کے نئے کیسز کے بعد تعداد 783 تک جا پہنچی ہے۔
خیبرپختونخوا بھی اس وائرس سے کافی متاثر ہوا اور وہاں 311 افراد اس کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 169 ہے۔
اسی طرح اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 187 اور مقبوضہ کشمیر میں 9 لوگ اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کو دیکھیں تو سندھ میں 11 اور پنجاب میں بھی 11 افراد انتقال کرچکے ہیں، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 9، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک فرد جان کی بازی ہار چکا ہے۔
ایک طرف جہاں اموات اور کیسز ہیں تو دوسری طرف وہ 107 صحتیاب مریض بھی ہیں جنہوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ جیتی اور مکمل طور پر صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوئے۔
آج کے کیسز کی بات کریں تو علی الصبح سندھ میں مزید کیسز سامنے آئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت میں ایک اور موت کی تصدیق کردی گئی۔