ٹوئٹر پر ڈھائی ہزار الفاظ پر مشتمل ”نوٹس“ فیچر جلد صارفین کودستیاب ہوگی

0
231

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے ایک نیا فیچر آزمایا جارہا ہے جس کے ذریعے صارفین 2500 الفاظ تک ’نوٹس‘ شیئر کر سکیں گے۔

صارفین کو طویل عرصے سے اس فیچر کا انتظار تھا کیونکہ فی الحال ٹوئٹس کے لیے صارفین کو 280 سے زائد حروف کے استعمال کی اجازت حاصل نہیں ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اس پلیٹ فارم پر صارفین کی جانب سے طویل اعلانات کے لیے تصاویر پوسٹ کرنے یا ٹوئٹس میں ٹوئٹر سے باہر نیوز لیٹرز کے لنکس شامل کرنے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔

یہ آزمائشی تجربہ 2 ماہ تک جاری رہے گا جس میں کینیڈا، گھانا، برطانیہ اور امریکا کے صارفین کا ایک مختصر گروپ شامل ہوگا۔

اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو ٹوئٹر کے ایکو سسٹم میں رکھنا ہے جس کے ذریعے صارفین طویل نوٹ کی سرخی دیکھ سکیں گے اور لنک پر کلک کر کے مکمل نوٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے اس نئے فیچر کا استعمال کرتے ہوئے اعلان میں کہا گیا کہ ’کمپنی کے ابتدائی روز سے لکھاریوں نے اصل تحاریر کے سوا اپنا کام شیئر کرنے، توجہ حاصل کرنے، پڑھے جانے اور گفتگو سمیت ہر چیز کے لیے ٹوئٹر پر انحصار کیا، نوٹس فیچر متعارف کروانے کا مقصد اس کمی کو بھی دور کرنا ہے‘۔

یہ اقدام ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ سال ’ریویو‘ کی خریداری کے بعد سامنے آیا ہے جو کہ ایک ڈچ نیوز لیٹر اسٹارٹ اپ ہے۔

گزشتہ روز ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ریویو کو نئے فیچر ’نوٹس‘ میں ضم کررہے ہیں جو صارفین کو جفس، تصاویر اور دیگر خصوصیات کو طویل مضامین میں شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے جنہیں ٹوئٹر پر اور اس سے باہر پڑھا جا سکتا ہے، نوٹ شائع ہونے کے بعد صارفین ان میں ترمیم بھی کر سکیں گے۔

سوشل میڈیا ماہر ڈاکٹر لورا ٹوگوڈ نے کہا کہ اس نئے فیچر کا ٹرائل ٹوئٹر کے لیے ایک اہم قدم ہے، یہ فیچر صارفین کو طویل مضامین کی سہولت فراہم کرنے والی دوسری ویب سائٹس کا لنک شامل کرنے کی بجائے ٹوئٹر پر ہی رہنے کی ترغیب دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس نئے فیچر کو شامل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ٹوئٹر اب بلاگنگ کے کچھ مقبول پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں ہے اور ممکنہ طور پر نئے اور متنوع صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر سکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فیچر موجودہ صارفین کو بلاگ لکھنے کے لیے دوسری ویب سائٹس پر جانے کی بجائے ٹوئٹر پر ہی بلاگنگ کی ترغیب دے گا جس سے ٹوئٹر صارفین کی اس پلیٹ فارم پر موجودگی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی‘۔

2017 میں ٹوئٹر نے صارفین کے ایک مختصر گروپ کے ساتھ آزمائش کے بعد ٹوئٹس کے لیے حروف کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو 140 سے بڑھا کر 280 کر دیا تھا۔

حالیہ اقدام ٹوئٹر کے کاروباری امکانات کی جانچ کے درمیان سامنے آیا ہے کیونکہ ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے کی منصوبہ بندی کے پیش نظر اس حوالے سے سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here