یوکرین نے امریکا سے وعدہ کیا ہے کہ وہ روس کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے نئے جدید راکٹ لانچر استعمال نہیں کرے گا۔
یہ بات امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے بدھ کے روز نیٹو کے سربراہ جینزاسٹولٹن برگ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوکرینیوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان نظاموں کوروسی علاقے میں اہداف کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔
انھوں نے مزیدکہا کہ یوکرین اورامریکا کے ساتھ ساتھ ہمارے اتحادیوں اور شراکت داروں کے درمیان بھی اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔بلینکن کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ ”کئی ماہ“تک جاری رہ سکتی ہے۔
امریکی صدرجو بائیڈن نے منگل کے روز تصدیق کی کہ ان کی انتظامیہ یوکرین میں درمیانے فاصلے تک مارکرنے والا جدید راکٹ سسٹم بھیج رہی ہے تاکہ کیف کو”میدان جنگ میں اہم اہداف پر زیادہ واضح طورپرحملہ کرنے“میں مدد مل سکے۔
روس نے اس پراپنی تشویش کا اظہارکیا ہیاورکہا ہے کہ یوکرین روسی علاقے کے اندرحملہ کرنے کے لیے امریکی راکٹ لانچروں کا استعمال کرسکتا ہے۔
کریملن نے واشنگٹن پرالزام لگایا کہ وہ ”جان بوجھ کر اورتندہی سے آگ پرایندھن انڈیل رہا ہے“۔
روس کے سرکاری خبر رساں ادارے تاس کی رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ماسکو کو یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی پراعتماد نہیں ہے۔
یوکرینی صدر نے یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کی ہے کہ اگر کیف کو امریکا سے توسیعی رینج کے متعدد لانچ راکٹ سسٹم (ایم ایل آر ایس) وصول ہوتے ہیں تو وہ ان سے روسی علاقے پر حملہ نہیں کریں گے۔