ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاہدمتحدہ عرب امارات کے صدر منتخب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

متحدہ عرب امارات کی وفاقی سپریم کونسل نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدآل نہیان کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔

اکسٹھ سالہ شیخ محمد متحدہ عرب امارات کے تیسرے صدر ہوں گے۔وہ اپنے مرحوم بھائی شیخ خلیفہ بن زاہد کی جگہ یہ منصب سنبھال رہے ہیں۔شیخ خلیفہ جمعہ کو انتقال کرگئے تھے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق حاکمِ دبئی اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شیخ محمد کو ملک کا صدر منتخب ہونے پرمبارک باد دی ہے۔

یواے ای کی سپریم کونسل کا ہفتے کے روز ابوظہبی کے المشرف پیلس میں اجلاس منعقد ہوا۔اس کی صدارت حاکم دبئی شیخ محمدبن راشد نے کی۔

اس اجلاس میں یواے ای میں شامل امارات کے سربراہان ابوظہبی کے حاکم شیخ محمد بن زاید آل نہیان، شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی، حاکم عجمان شیخ حمید بن راشد النعیمی، فجیرہ کے حکمران شیخ حماد بن محمد الشرقی،ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا اور راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن سقرالقاسمی نے شرکت کی۔اس اجلاس میں متفقہ طور پر شیخ محمد کو ملک کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یواے ای میں شیخ خلیفہ بن زاہدکی وفات پر 40 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔اس دوران میں ملک بھر میں کاروبار بند رہیں گے اورمرحوم صدر کے سوگ میں تفریحی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں الیکٹرانک بل بورڈز میں جمعہ کی رات شیخ خلیفہ مرحوم کی تصویردکھائی گئی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں تھے۔

Share This Article
Leave a Comment