بلوچستان کے ضلع کیچ سے تین روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔
لاش ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ جہانی آپ کے مقام سے برآمد ہوئی ہے جسے لیویز فورس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔
برآمد ہونے والے لاش کی شناخت باہر ولد محمد عمر سکنہ کوہاڑ تمپ کے نام سے ہوئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق لاش تین روز پرانی ہے جسے قتل کرنے کے بعد جلایا بھی گیا ہے۔
تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔
دوسری جانب
قلات میں بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار الٹنے سے ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
کار لسبیلہ سے کوئٹہ جار ہی تھی۔
قلات لیویز کے مطابق بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پر بیلہ سے کوئٹہ جانے والی کار تیز رفتاری کے با عث الٹ گئی۔
حادثے میں کار ڈرائیور باز خان ولد گلاب خان ہلاک ہوگیا اور سید عبدالستار شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی اور نعش کو ڈی ایچ کیو قلات پہنچا دیاگیا۔
قلات لیویز نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاکے حوالے کردی جبکہ زخمی کو مزید علاج کے لیئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
اسی طرح مشکے میں موٹرسائیکل حادثے سے ٹرانسپورٹر رہنماہلاک جب کہ ان کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق مشکے گجر میں موٹر سائیکل حادثے میں منشی علی جان ولدغلام ایرانی سکنہ جھلواری مشکے ہلاک اور ان کا ساتھی حامد علی ولد علی پیرسر پروار شدید زخمی ہوگیا۔