بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ اوتھل میں ٹریفک حادثے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔
ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے پولیس نے لاش برآمد کرکے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے آبسر مولد ریک سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔جس کی شناخت احمد ولد سراج کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی لاش اس کے ایک رشتہ دار کے گھر سے برآمد ہوئی ہے جس کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہے۔
دریں اثناضلع لسبیلہ کے صدرمقام اوتھل کے قریب مین RCD روڈ المعروف خونی شاہراہ پر پاکستان کوسٹ گارڈ چیک پوسٹ کے قریب ایک کار حادثے کا شکارہواجس کے نتیجے میں کار ڈرائیور محمد طاہر ولد محمد ولی ہلاک موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خاتون (ف) بنت داد محمد سمیت ولی محمد ولد داد محمد دوافراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 سینٹر ٹیارہ اور لسبیلہ ویلفیئر کے رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) اسپتال اوتھل منتقل کیا جہاں شدید زخمی افراد کو طبی امداد دی گئی۔
ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
واضح رہے اس سنگل روڈ پر آئے روز حادثات کی وجہ سے اسے خونی شاہراہ کا نام دیا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے مقتدرحلقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم شاہراہ کو دو رویہ سڑک تعمیر کیا جائے کیوں کہ آئے روز ٹریفک حادثوں سے سالانہ سینکڑوں مسافر اپنے اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور ہزاروں زخمی ہوکر معزور ہوجاتے ہیں۔