پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم کو پیش کر دیا۔
حکومت نے اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں سیاسی گہما گہمی سیبھرپور دن کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو وزارتِ اعلٰی کی پیش کش کی جسے قبول کر لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو آگاہ کیا کہ اُنہوں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے وزیرِ اعلٰی نامزد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اُن کے اعتماد پر پورا اُتریں گے۔