طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک بیرون ملک میں مقیم افغان شہریوں کے حالات بہتر نہیں ہوجاتے وہ افغانستان سے مزید شہریوں کو انخلا کی اجازت نہیں دیں گے۔
نیوز کانفرنس میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے تو جب تک اس بات کا یقین نہیں ہوجائے کہ ان کی ذندگیاں خطرے سے باہر ہیں، شہریوں کو افغانستان سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
31 اگست کو امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے انخلا اور طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افغان شہری اور دوہری شہریت کے حامل افراد افغانستان چھوڑ کر جاچکے ہیں۔
طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعدسیکڑوں مزید افراد کو ملک چھوڑ کر جانے کی اجازت دی گئی لیکن ملک چھوڑ کر جانے والے مسافروں کی آخری پرواز یکم دسمبر کو روانہ ہوئی تھی، تاہم پاکستان کے ذریعے زمینی راستے سے اب بھی انخلا جاری ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ’طالبان کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ قطر اور ترکی میں موجود ہزاروں شہری بہت بری حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں‘۔