افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں اقلیتی برادری ہزارہ کے اکثریتی علاقے میں منی بس میں بم دھماکے سے 4 خواتین سمیت 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکام نے بتایا کہ بم منی بس کے فیول ٹینک سے جوڑ دیا گیا تھا اور دھماکے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ہرات کے صوبائی ہسپتال کے سربراہ عارف جلال نے بتایا کہ ہلاک افراد میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
منی بس پر بم دھماکے کی ہرات کے انٹیلی جنس دفتر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔
انٹیلی جنس دفتر کے ترجمان ثابت ہاروی کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے یہ دستی بم تھا اور مسافر بس کی فیول ٹینک سے جوڑ دیا گیا تھا۔
ہرات کی صوبائی پولیس اور محکمہ ثقافت نے بھی بم دھماکے کی تصدیق کی۔
بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے تسلیم نہیں کی۔