بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر 12 جنوری کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پاکستان بھر کے ڈاکٹرز کو اکھٹا کرکے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
یہ اعلان انہوں نے پیر اپنے دیگر سا تھیوں کے ہمرا ہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ مندوخیل و دیگر عہدیداروں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے پر انتظامیہ کی جانب سے تشدد یا لاٹھی چارج کیا گیا تو حالات کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ماہ سے احتجاج پر ہیں اس دوران سابق وزیراعلیٰ جام کمال سمیت متعدد وزراء سے ملاقاتیں سابق وزیراعلیٰ سمیت تمام وزراء نے مطالبات جائز قرار دیتے ہوئے حل کرنے کا وعدہ کیا موجودہ وزیراعلیٰ قدوس بزنجو سے جب ملے انہوں نے بھی مسائل حل کرنے کا کہا لیکن مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے ہمارے ڈاکٹروں کو گرفتار کیا گیا، انہیں ایک ماہ تک جیل میں رکھا گیا، غریب مریض گزشتہ تین ماہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12جنوری کو وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنا دینگے ہم پر لاٹھی چارج ہوا تو حالات کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات جائز نہیں تو وزیر اعلیٰ ایک بار میڈیا پر کہہ دیں کے مطالبات ناجائز ہیں۔
وائے ڈی اے کے چیئرمین نے مزید کہا کہ مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو ملک بھر کے ڈاکٹروں کو اکٹھا کرکے اسلام آباد جائیں گے کیونکہ اسپتالوں میں سہولیات نہیں عوام ہمارا گریبان پکڑتے ہیں۔